پی ٹی آئی کوبلے کےنشان کی واپسی کے خلاف درخواست پرمحفوظ فیصلہ سنادیا گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کوبلے کے نشان کی واپسی کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلےکے خلاف محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔سپریم کورٹ نے تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا۔سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لینے کے فیصلے کو بحال کردیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے محفوظ فیصلہ سنایا، فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو دوبارہ پارٹی الیکشن کا حکم دیا،الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو نوٹس بھی جاری کیا،الیکشن کمیشن کا فیصلہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔تحریک انصاف نے ایک ہی معاملے پر مختلف ہائیکورٹس سے رجوع کیا، ملک جمہوریت کی بنیاد پر قائم ہوا، سیاسی جماعتیں پانچ سال میں انتخابات کرانے کی پابند ہیں، پارٹی انتخابات میں کارکنوں کو کاغذات نامزدگی نہیں دیے گئے، پشاور ہائی کورٹ نے انتخابات کو درست قرار نہیں دیا نہ استدعا کی گئی۔ عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کا 10جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ میں شامل تھے۔
یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔پشاور ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کو درست قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کو بلےکا نشان واپس کرنےکا حکم دیاتھا۔
خبراپڈیٹ ہورہی ہے۔۔









