ڈاکٹر ذاکر نائیک کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبر نے ا ن کے مداحوں کو دلی صدمے سے …
کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے انتقال سے متعلق جھوٹی خبر نے ا ن کے کروڑوں مداحوں کو دلی صدمے سے دوچار کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک کے انتقال کی افواہ 9دسمبر کو سوشل میڈیا پر پھیلی ، جس کی کسی بھی ذریعے سے تصدیق نہیں ہو سکی۔اس کے برعکس متعدد ذرائع نے اس افواہ کو بے بنیاد قرار دیا۔
جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینیٹر عبدالکریم نے بھی اپنے ایکس اکاﺅنٹ کے ذریعے اس افواہ کی تردید کی اور ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بخیروعافیت ہونے کی اطلاع دی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”الحمد اللہ، ڈاکٹر ڈاکٹر نائیک حفظہ اللہ اپنے مشن کی تکمیل کے لیے زندہ و سلامت اور صحت و عافیت کے ساتھ ملائیشیاءمیں موجود ہیں۔“
مرکزی انجمن خدام القرآن کے عہدیدار آصف حمید نے بھی اپنے ایکس اکاﺅنٹ کے ذریعے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متعلق افواہ کی تردید کی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”ڈاکٹر ذاکر نائیک کے انتقال کے متعلق خبر سراسر جھوٹ اور شرارت پر مبنی ہے۔ میری ابھی ڈاکٹر ذاکر نائیک حفظہ اللہ سے بات ہوئی ہے۔ وہ بحمد اللہ بخیروعافیت ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر ذاکر نائیک صاحب اور ان کے خاندان کی حفاظت فرمائے اور ان کے کام کو اسلام کے لیے قبول فرمائے۔ آمین۔ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو اللہ ہدایت عطا فرمائے۔ آمین“









