
ویب ڈیسک: سال 2025 کے اختتام پر ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس اینڈ امیگریشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں ادارے کی نمایاں اصلاحات اور اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایات پر ڈی جی پاسپورٹس کی قیادت میں سال 2025 کو انقلابی اقدامات کا سال قرار دیا گیا۔ جدید پرنٹرز کی تنصیب کے باعث پاسپورٹس کے طویل عرصے سے موجود بیک لاگ کا مستقل طور پر خاتمہ ممکن بنایا گیا۔
شہریوں کی سہولت کے لیے تاریخ میں پہلی بار 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن پاسپورٹ پراسسنگ اور ڈیلیوری سروس کا آغاز کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ ہیڈ کوارٹرز سمیت ملک بھر کے متعدد دفاتر کی تزئین و آرائش مکمل کی گئی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں ون ونڈو سروس بھی متعارف کرائی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہریوں کے لیے جدید ای پاسپورٹس اور بہتر سیکیورٹی فیچرز سے آراستہ نئی پاسپورٹ بک لیٹ تیار کی گئی، جبکہ عوامی سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے نئے پاسپورٹ دفاتر اور اضافی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 55 لاکھ 72 ہزار 13 شہریوں نے پاسپورٹس بنوائے۔ سال 2025 میں نارمل کیٹگری کے تحت 32 لاکھ 75 ہزار 263 مشین ریڈیبل پاسپورٹس (ایم آر پی) جاری کیے گئے۔
اسی طرح ارجنٹ کیٹگری میں 18 لاکھ 39 ہزار 487 جبکہ فاسٹ ٹریک سروس کے تحت 2 لاکھ 76 ہزار 789 پاسپورٹس کا اجرا کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران شہریوں میں جدید ای پاسپورٹس بنوانے کے رجحان میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔









