مالی سال 24-2023ء کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہتر سال ثابت ہوا۔
واپڈا کے ترجمان کے مطابق 24-2023ء کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو 34 ارب 43 کروڑ یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کی گئی۔
پن بجلی کی یہ پیداوار 23-2022ء کی نسبت 3 ارب 26 کروڑ یونٹ زیادہ ہے۔
واپڈا کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے آئندہ 5 سال میں پن بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 700 میگاواٹ ہو جائے گی۔
واپڈا کے ترجمان کے مطابق گزشتہ مالی سال واپڈا کی پن بجلی کی اضافی پیداوار کے باعث قومی خزانے کو 143 ارب 70 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔
واپڈا کی پن بجلی پاکستان میں پیدا ہونے والی سستی ترین بجلی ہے، جس کا ٹیرف 3 روپے 81 پیسے فی یونٹ ہے، جو بجلی کے باسکٹ ٹیرف کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، نیشنل گرڈ میں واپڈا کی پن بجلی کا حصہ تقریباً 30 فیصد ہے۔
ترجمان کے مطابق واپڈا نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کا تناسب بڑھانے کے لیے متعدد منصوبے تعمیر کر رہا ہے۔
واپڈا کے پن بجلی گھروں کی موجودہ پیداواری صلاحیت تقریباً ساڑھے 9 ہزار میگا واٹ ہے، ان منصوبوں کی تکمیل پر پن بجلی کی پیداوار میں 11 ہزار 200 میگا واٹ کا اضافہ ہو گا۔