
ابوظہبی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی اپنی سلامتی کا ناگزیر حصہ ہیں۔ انہوں نے یہ بات ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران کہی۔
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور سکیورٹی کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پاکستان کی معیشت اور سکیورٹی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت اور سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے گہرے تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، اور اماراتی قیادت نے پاکستان میں اقتصادی و سماجی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی پاکستان کی سلامتی کا حصہ ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے اور خطے میں امن و خوشحالی کی راہ ہموار ہو۔









