پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین ذکاء اشرف اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
ذکاء اشرف پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں عہدے سے مستعفی ہوئے۔انہوں نے بطور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی اور ممبر بورڈ آف گورنر استعفیٰ دیا،ذکاء اشرف نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو اپنا استعفی بھیج دیا ہے۔
ذکا اشرف نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ وزیراعظم کو ارسال کر دیا ہے،ایسا عہدہ رکھنے کا کیا فائدہ جس میں اختیارات نہ ہوں۔
یاد رہے ذکا اشرف کو نجم سیٹھی کی جگہ پر چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی تعینات کیا گیا تھا۔ان کی سربراہی میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت 4 فروری کو ختم ہونا تھی۔
ذکا اشرف کو نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے ابتدائی طور پر 4 ماہ کیلئے ذمہ داری سونپی گئی تھی ۔4 ماہ کی مدت مکمل ہونے پر 4 نومبر کو مزید مزید 3 ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ نے کچھ روز قبل پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو گورننگ بورڈ تشکیل دینے سے منع کیا تھا۔









