سابق سری لنکن کرکٹر تلک رتنے دلشان آسٹریلوی شہری بن گئے، جلد مقامی ٹیم سے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔
سوشل میڈیا پر آسٹریلوی رُکنِ پارلیمنٹ جیسن ووڈ کی طرف سے دلشان کی آسٹریلوی شہریت کا اعلان کیا گیا۔ جیسن ووڈ نے دلشان کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سٹیزن شپ کی تقریب خاص اس لیے تھی کہ اس میں تلک رتنے دلشان بھی موجود تھے۔
جیسن ووڈ کا کہنا تھا کہ سابق سری لنکن کپتان تلک رتنے دلشان ون ڈے تاریخ کے ایک بہترین بلے باز مانے جاتے ہیں۔ دلشان نے ورلڈ کپ 2011 میں 500 سے زائد رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب آسٹریلوی شہری کی حیثیت سے مقامی ٹیم جوائن کریں گے اور اپنا ٹیلنٹ کمیونٹی سے شئیر کریں گے۔ خوشی ہے کہ تلک رتنے دلشان کی بیٹی ریسنڈی اپنے والد کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔
خیال رہے کہ دلشان نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ آسٹریلیا کیخلاف 2016 میں کھیلا تھا جس کے بعد انہوں نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔









