ملک بھر میں آج عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، عام شہریوں سے لیکر بااثر شوبز شخصیات جذبے کے ساتھ اپنے پسندیدہ لیڈر کو ووٹ ڈال رہی ہے۔
آج ووٹ ڈال کر عوام اگلے پانچ سالوں کے لیے ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کریں گے، اسی سلسلے میں پاکستانی شوبز شخصیات سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کررہی ہیں۔
شوبز ستارے اپنے پسندیدہ انتخابی نشان پر مہر لگانے کے بعد اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کررہے ہیں تاکہ اُنہیں دیکھ کر عوام میں ووٹ ڈالنے کا جذبہ پیدا ہو اور عوام پاکستان کے مستقبل کے لیے اپنا حق استعمال کریں۔
ہمایوں سعید:
ہمایوں سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “جاؤ اور بہتر پاکستان کے لیے ووٹ دو، پاکستان کو ووٹ دو”۔
عثمان خالد بٹ:
عثمان خالد بٹ نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “آج کا دن بہت خوبصورت ہے، باہر جائیں اور ووٹ دیں”۔
حمزہ علی عباسی:
معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی اپنی تصویر ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ووٹ ڈالنے کی تصدیق کی۔
عائزہ خان:
شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے ووٹ ڈالنے کے بعد سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر پوسٹ کی اور کہا کہ “ووٹ ڈالنے سے پہلے 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر میسج کرکے اپنے پولنگ اسٹیشن اور حلقے کی معلومات لازمی حاصل کریں”۔
فاطمہ آفندی:
اداکارہ فاطمہ آفندی نے اپنے شوہر اداکار ارسلان کے ہمراہ لی گئی سیلفی انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “ہم نے اپنا حق ادا کردیا ہے، اب آپ بھی اپنا حق ادا کریں”۔
ثناء فخر:
معروف اداکارہ ثناء فخر نے بھی ووٹ ڈالنے کے بعد انسٹاگرام پر اپنی سیلفی پوسٹ کی اور صارفین سے پوچھا کہ “آپ کس جماعت کو ووٹ دیں گے؟”
عتیقہ اوڈھو:
سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے سوشل میڈیا پر اپنے انگوٹھے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالا ہے۔
مریم نفیس:
اداکارہ مریم نفیس نے ووٹ ڈالنے کے بعد شوہر کے ہمراہ تصویر ایکس پر پوسٹ کی اور ساتھ ہی قرآنی آیت بھی لکھی جس کا ترجمہ ہے کہ “ہمارے لیے اللہ ہی کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے”۔
عدنان ملک:
سُپر ہٹ ڈراما سیریل “صدقے تمہارے” کے اداکار عدنان ملک نے بھی ووٹ ڈالنے کے بعد تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی۔
ماورا حسین:
پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ ماورا حسین نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی اور بتایا کہ وہ ووٹ ڈالنے جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مدمقابل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔