پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکار جنید جمشید نیازی نے اپنی خوش قسمتی کی وجہ اپنی بیٹی ’ایزا‘ کو قرار دیا ہے۔
جنید جمشید نیازی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بیٹی کی پیدائش کے بعد آنے والی بہتری کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ میری بیٹی میرا ’لکی چارم‘ ہے، اس کی پیدائش کے بعد میں جو اپنی زندگی میں چاہتا تھا میں نے حاصل کرلیا۔
اداکار نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اگر انسان کے معاشی حالات بہتر نہ ہوں تو اولاد کو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے لیکن میری بیٹی کی پیدائش کے بعد مجھے میری پسند کا کام بھی ملنے لگا اور میری معاشی حالت بھی پہلے سے بہتر ہوگئی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میری زندگی میں بیٹی کی پیدائش کے بعد بہت آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں بلکہ مجھے اس کی وجہ سے کام کرنے کی ہمت ملتی ہے۔
واضح رہے کہ جنید نیازی کی شادی صحافی شجیعہ نیازی سے ہوئی اور اب وہ ایک ننھی پری’ایزا‘ کے والد بھی ہیں۔