ریحام خان نے شکوہ کیا ہے کہ انہوں نے خود سے کم عمر لڑکے سے شادی کی تو انہیں طعنے دیے جانے لگے جب کہ ان کے پہلے شوہر ان سے 16 اور دوسرے 22 سال بڑے تھے۔
ریحام خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خود سے کم عمر مرد سے تیسری شادی سمیت خود سے زائد العمر مردوں سے پہلی شادیاں کرنے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔
ریحام خان نے یہ انکشاف کیا کہ جس مرد سے انہوں تیسری شادی کی، ان کی بھی ان سے تیسری شادی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مرزا بلال حسن سے سے تیسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل انہوں نے شوہر کی پہلی بیویوں کے طلاق نامے دیکھ کر ان کے طلاق یافتہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر بعض مرد جھوٹ بولتے ہیں کہ ان کی طلاق ہوچکی ہے لیکن درحقیقت انہوں نے پہلی بیوی کو طلاق نہیں دی ہوتی، اس لیے انہوں نے تصدیق کے لیے اپنے شوہر کے تمام طلاق نامے بھی دیکھے تھے۔
ریحام خان نے شکوہ کیا کہ انہیں یہ طعنے دیے جاتے ہیں کہ انہوں نے خود سے کم عمر مرد سے تیسری شادی کرلی جب کہ ایسے طعنے مردوں کو نہیں دیے جاتے۔
انہوں نے مثال دی کہ انہوں نے پہلی شادی خود سے 16 سال زائد العمر جب کہ دوسری شادی خود سے 22 سال زائد العمر مرد سے کی لیکن لوگوں نے اس وقت مردوں کو طعنے نہیں دیے۔
ریحام خان نے یہ شکوہ بھی کیا کہ ان کے بارے میں ہر بار لکھا جاتا ہے کہ وہ طلاق یافتہ ہیں لیکن ان کے سابق شوہروں سے متعلق یہ نہیں لکھا جاتا۔
شوہر کو مزید شادیوں کی اجازت دینے کے سوال پر ریحام خان نے واضح کیا کہ وہ مرد کو ایک شادی پر پابند کرنے کی قائل نہیں، تاہم وہ ایک وقت میں ایک ہی بیوی رکھنے کے قائل ہیں، وہ کبھی نہیں چاہیں گی کہ ان کے حالیہ شوہر ان کے ہوتے ہوئے دوسری عورت سے شادی کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کے شوہر کسی دوسری خاتون سے شادی کرنا چاہیں گے تو پھر وہ ان کے ساتھ نہیں رہ سکتیں، وہ شوہر کو دوسری عورت کے ساتھ نہیں بانٹ سکتیں۔
خیال رہے کہ ریحام خان نے مرزا بلال بیگ سے دسمبر 2023 میں شادی کی تھی، انہوں نے پہلی شادی 1990 میں کی تھی جو 2005 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
انہیں پہلی شادی سے تین جواں سالہ بچے بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔
ریحام خان نے دوسری شادی جنوری 2015 میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے کی تھی مگر 10 ماہ بعد ہی ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔