اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نئی تعیناتیوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
کابینہ ڈویژن نے پاکستان ایڈمنسٹریشن سروسز کے گریڈ 20 کے لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف، پولیس سروس آف پاکستان سے گریڈ 18 کے زین عاصم اور ارتضی کومل کو پی سی بی میں تعینات کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن کی جانب سے پی سی بی میں ہونے والی تعیناتیاں 2 سالہ ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پی سی بی کے معاملات آئی پی سی سے ختم کر کے کیبنٹ ڈویژن کو منتقل کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی میں تعینات کیے گئے تینوں افراد کو اعلیٰ عہدے دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ آنے والے دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر تقررو تبادلے کا بھی امکان ہے۔