انڈونیشیا میں سیاحوں کے لیے ایک ایسا ہوٹل تعمیر کیا گیا ہے جس کی چوڑائی دنیا میں سب سے کم ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی ایشیائی ملک انڈونیشیا میں تعمیر ہونے والے اس ہوٹل کے مالک چاہتے ہیں کہ ان کے چھوٹے سے علاقے کو بین الاقوامی سطح پر توجہ ملے۔
ہوٹل مالک کا کہنا ہے کہ وہ صرف ریکارڈ بنانا نہیں چاہتے بلکہ اس منصوبے کا مقصد چھوٹے سے علاقے کو بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنانا ہے۔
اس ہوٹل کو تعمیر کرنے کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔ وسطی جاوا سے تعلق رکھنے والے آرکیٹیکٹ ایری اندرا جکارتہ اور سنگاپور میں بطور پروفیشنل خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تاہم وہ اپنے آبائی شہر واپس آگئے۔
یہاں آکر انھوں نے ایک عجیب و غریب زمین کا ٹکڑا خریدا جسے کوئی بھی لینے کو تیار نہیں تھا۔ یہاں آرکیٹیکٹ ایری اندرا نے9 فِٹ چوڑا پِیٹو رومز نامی پانچ منزلہ ہوٹل تعمیر کیا، جس میں سات کمرے ہیں۔
ہوٹل کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ہر کمرے میں ایک ڈبل بیڈ کے ساتھ ایک چھوٹا باتھ روم بھی ہے۔ مقامی فن اور انٹیریر کی بدولت ہر کمرے کا مشاہدہ بالکل مختلف ہے۔