لیگ اسپنر عارف یعقوب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک اوور میں چار وکٹیں لینے والے پہلے اسپنر بن گئے، انھوں نے اپنی بولنگ سے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔
پشاور زلمی کے بولر عارف یعقوب نے تباہ کن بولنگ سے میچ کا نتیجہ اپنی ٹیم کے حق میں کر دیا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف زلمی کو ہاری ہوئی بازی جتوادی۔ انھوں نے ایک اوور میں 4 وکٹیں لے کر پی ایس ایل کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔
لیگ اسپنر نے اننگز کی 19ویں اوور میں یہ کارنامہ انجام دیا جو کہ ان کے کوٹے کا آخری اوور تھا۔ اس اوور میں انھوں نے محض 2 رنز دے کر 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ارمانوں پر پانی پھیرنے والے یعقوب نے 4 اوورز میں مجموعی طور پر 27 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، تاہم سنچری اسکور کرنے والے بابر کو مرد میدان قرار دیا گیا.
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد کی ٹیم پشاور کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز ہی بناسکی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے، کپتان بابر اعظم نے 111 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔