ملتان سلطانز پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp
ملتان سلطانز پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی

کراچی : پاکستان سپر لیگ  میں ملتان سلطانز نے عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو 20 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں چھٹی فتح کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنا لی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سلطانز کو اننگز کی ابتدا میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور 3 چوکوں کی مدد سے 13 رنز بنانے والے ریزا ہینڈرکس زمبابوے کے بلیسنگ مزربانی کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد کپتان محمد رضوان کا ساتھ دینے عثمان خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 148 رنز کی شاندار شراکت بنائی بالخصوص عثمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

محمد رضوان نے بھی 44 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی باری کھیلی لیکن 18ویں اوور کی پہلی گیند پر مزربانی نے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے سلطانز کے کپتان کو ان کے ہم منصب شان مسعود کے ہاتھوں کیچ کرا کے چلتا کردیا۔دوسرے اینڈ سے عثمان ڈٹے رہے اور سنچری کی جانب پیش قدمی جاری رکھی البتہ نئے بلے باز افتخار احمد صرف 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

عثمان نے اننگز کے آخری اوور میں میر حمزہ کو چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی جس کی بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔عثمان نے 59 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم ابتدا میں ہی ٹم سیفرٹ کی خدمات سے محروم ہو گئی جو رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے جبکہ جیمز ونس کی اننگز بھی 7 رنز پر اختتام کو پہنچی۔

شعیب ملک اور شان مسعود نے تیسری وکٹ کے لیے 47 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن 36 رنز بنانے والے کنگز کے کپتان شان مسعود سلطانز کے اسامہ میر کو چھکا مارنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئے۔

شعیب  بھی  28 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد وہ خوشدل شاہ کا شکار بن گئے۔اس کے بعد عرفان خان اور محمد نواز نے بالترتیب 23 اور 27 رنز کی باریاں کھیلیں لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو شکست  سے نہ بچا سکے۔

کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور انہیں میچ میں 20 رنز سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ملتان سلطانز کے اسامہ میر دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

 

Source link

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

Related News

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *