پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھوڑ کربھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں شرکت کے لیے جانے والے کیرون پولارڈ تنقید کا نشانہ بن گئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے کھلاڑی کیرون پولارڈ کو اننت امبانی کی شادی میں شریک ہونے کے لیے پی ایس ایل چھوڑنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے سوال کیا کہ اگر پاکستان میں کوئی ایسی شادی ہو رہی ہوتی تو کیا کوئی کھلاڑی انڈین پریمئیر لیگ ( آئی پی ایل) چھوڑ کر آتا؟ ایک بھارتی صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پولارڈ پی ایس ایل کے درمیان شادی میں شرکت کے لیے بھارت آگئے۔ پی ایس ایل کی کوئی عزت نہیں۔
کیرون پولارڈ نے تقریب میں شریک شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی اور تقریب کو یادگار قرار دیا۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پولارڈ اور آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز اورامبانی خاندان سے ان کے قریبی تعلق کی بات کی۔ ممبئی انڈینز امبانی خاندان کی ملکیت ہے اور پولارڈ 2010 سے ٹیم کا حصہ ہیں۔
پولارڈ گزشتہ روز ہونے والے کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے میچ میں شامل نہیں تھے۔ کراچی کنگز کو ملتان کے ہاتھوں اہم میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی گجرات کے شہر جام نگر میں اننت امبانی کی شادی کی تقریبات میں دنیا بھر کی مشہور اور امیر شخصیات نے شرکت کی۔