پاکستان کی معروف اداکارہ و سپر ماڈل نوشین شاہ نے یک طرفہ محبت کا اعتراف کرتے ہوئے اسے جذباتی پختگی کا اگلا درجہ قرار دے دیا۔
نوشین شاہ ان دنوں اپنی نئی فلم ’چِکّڑ‘ کی پرموشن میں مصروف ہیں۔حال ہی میں نجی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے فلم اور نجی زندگی پر کھل کر گفتگو کی۔ دوران شو میزبان نے یک طرفہ محبت کے حوالے سے سوال پوچھا کہ یک طرفہ محبت کے بارے میں کیا خیال ہے؟
میزبان کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے یک طرفہ محبت کو جذباتی پختگی کا اگلا درجہ قرار دیا، جس پر میزبان نے وضاحت طلب کی۔
نوشین شاہ نے اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جب آپ کسی سے یک طرفہ محبت کرتے ہیں تو کسی امید اور توقع کے بغیر سامنے والے کو ہر وقت اپنی دعا میں رکھنا ہوتا ہے، یہ جانتے ہوئے بھی کہ سامنے والا مل نہیں سکتا، اس کے بارے میں اچھا سوچنا ہوتا ہے کیونکہ آپ کو محبت ہے، اس کی محبت کی عزت کرنی ہے، اس کے وقار کی بھی عزت کرنی ہے، اُس کا پردہ بھی رکھنا ہے۔
انہوں نے اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ یک طرفہ محبت منفرد چیز ہے۔ اداکارہ کے جواب کے بعد میزبان نے دوبارہ سوال کیا کہ کیا کبھی کسی سے یک طرفہ محبت کی؟ جس پر نوشین شاہ نے اعتراف کیا۔
تاہم یک طرفہ محبت ایک بار ہوتی ہے یا بار بار بھی ہوسکتی ہے کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ بار بار بھی ہوسکتی ہے، کیونکہ اگر ایک انسان نے دھوکا دیا ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ دوسرا بھی دھوکا دے گا۔