بیروت (ڈیلی پاکستان آن لائن) لبنان کے شہر بیروت میں امریکی سفارت خانے کے قریب فائرنگ کے بعد ایک شامی شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ کے مطابق لبنانی فوج نے گرفتاری کی تصدیق کی ہے، جبکہ امریکی سفارتی مشن نے بتایا کہ اس کے حکام محفوظ ہیں۔
لبنانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اوکر کے شمالی مضافاتی علاقے میں واقع سفارت خانے کو ’شامی شہریت رکھنے والے ایک شخص کی طرف سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا‘۔علاقے میں تعینات فوجی اہلکاروں نے فائرنگ کرنے والے پر جوابی فائرنگ کی جس سے شوٹر زخمی ہو گیا، زخمی کو گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ’مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 34 منٹ پر ہائی سیکیورٹی مشن کے داخلی راستے کے قریب چھوٹے ہتھیار سے فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی’۔
بیان میں کہا گیا کہ لبنانی فوج، سکیورٹی فورسز اور ہمارے سفارت خانے کی سکیورٹی ٹیم کے فوری ردعمل کی بدولت ہماری ایمبیسی اور ہماری ٹیم محفوظ ہے، مزید تفتیش جاری ہے اور ہم میزبان ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔