اسرائیل نے امداد دینے کے بہانے نصرات پناہ گزین کیمپ میں گھس کر 4 یرغمالی رہائی کرا لیے، اسرائیلی کارروائی میں 210 فلسطینی شہید کردیے گئے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے ہفتے کے روز بتایا کہ اسرائیل کی اسپیشل فورسز نے وسطی غزہ کی پٹی سے چار یرغمالیوں کو بازیاب کرایا، اس مقصد کیلئے انھوں نے انسانی امداد کے ٹرک کا استعمال کیا اور نصرات پناہ گزین کیمپ میں گھس گئے۔
ذرائع نے نیوز ایجنسی انادولو کو بتایا کہ اسرائیلی اسپیشل فورسز نے یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے دراندازی کی کارروائی میں ایک ٹرک اور ایک سویلین گاڑی کا استعمال کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیلی اسپیشل فورسز نے جن گاڑیوں کا استعمال کیا ، عام طور پر ایسی گاڑیاں غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں استعمال ہوتی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج کی گاڑیاں غیر متوقع طور پر نصرات کیمپ کے مشرق اور شمال مغرب کے علاقوں میں داخل ہوئیں اور کیمپ کے بڑے علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری توپ خانے سے بمباری بھی کی۔
ہفتے کے روز اسرائیل کی جانب سے دیر البلاح کے مشرق میں واقع علاقوں اور وسطی غزہ میں البریج اور المغازی کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 210 فلسطینی شہید اور 400 سے زائد زخمی ہو گئے۔