اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کے ساتھ فراڈ کرنے والے ہزاروں موبائل نمبرز بلاک کر دیے ہیں۔ پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ صارفین کو دھوکا دینے والے افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کام حکام کے مطابق، گزشتہ سال کے دوران دھوکہ دہی میں ملوث 5,294 موبائل نمبرز کو بلاک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث 4,507 آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبرز بھی بلاک کیے گئے۔ گزشتہ مالی سال میں 113 افراد کے شناختی کارڈز بھی بلاک کیے گئے، جنہوں نے فراڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
پی ٹی اے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد موبائل فون صارفین کو تحفظ فراہم کرنا اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے، اور وہ اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔