شمالی غزہ میں 16 ہزار سے زائد فلسطینی شہریوں کی جان لینے کے بعد اسرائیل نے زمینی کارروائی پورے غزہ تک بڑھادی۔ قابض اسرائیلی فوج نے پیر کی علی الصبح جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں شدید بمباری اور شیلنگ کی ہے جس میں فوری طور پر جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 700 فلسطینی شہید کیے گئے،کمال عدوان اسپتال کے دروازے پر بمباری سے 4 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ اسپتال کے گھیراؤ کی کوشش کی گئی۔
قابض اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں میں صرف مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، زمینی کارروائی کے لیے فضائیہ کی مدد بھی حاصل رہے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے رات گئے کم از کم 60 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
قطری وزیر خارجہ شیخ محمدبن عبدالرحمٰن نے اسرائیل حماس جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ قطری وزیر خارجہ اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے درمیان فلسطین کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال ہوا۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ قطری وزیرِ خارجہ نے خطے میں امن کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر راہداری کھولی جائے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے یو این او سی ایچ اے کے مطابق جنوبی غزہ میں بڑے پیمانے پر انفیکشنز کا پھیلاؤ ہورہا ہے جس میں ایک سے دوسرے کو لگنے والے انفیکشنز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ڈائیریا اور جِلد کے انفیکشنز کے بھی متعدد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔