
اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا ایک اہم ترین اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پارلیمانی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نمائندہ نیو نیوزاسلام آباد فرہاد کھوکھر کے مطابق اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے کشمیر کے تازہ ترین حالات، عوامی مسائل اور تنظیمی امور کے حوالے سے اپنی اہم تجاویز اور سفارشات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مرکزی قیادت کے سامنے پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ انہوں نے اراکین پر زور دیا کہ تمام سیاسی معاملات اور بحرانوں کا حل صرف اور صرف افہام و تفہیم، سیاسی مکالمے اور مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے مسائل کو وفاقی سطح پر اٹھانے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کا مؤقف ہے کہ تمام تر مسائل کا حل آزاد کشمیر اسمبلی کے اندر اور سیاسی رابطوں کے ذریعے تلاش کیا جائے گا تاکہ خطے میں سیاسی استحکام برقرار رہے۔









