
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت اور وہاں کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان الیکشن میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے، جس پر وہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دیتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی جماعت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ٹیم نے بھی انتخابی مہم میں بھرپور محنت کی، اور وہ تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے انتخابی عمل میں جس جوش و خروش سے حصہ لیا، وہ انتہائی قابلِ تحسین اور جمہوریت کے لیے خوش آئند ہے۔









