
ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی وفد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان ایوانِ صدر میں اہم ملاقات جاری ہے، جس میں وفاقی بجٹ سمیت مختلف قومی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایوانِ صدر پہنچے جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہیں۔
پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں، جبکہ پارٹی کی بجٹ کمیٹی کے ارکان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئندہ وفاقی بجٹ، حکومتی اتحادی معاملات اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی مشاورت کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ملاقات میں شریک ہیں۔









