پرتھ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے پاکستان کو 450 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا، پاکستانی ٹیم کی جیت کے صرف 1 فیصد امکانات موجود ہیں۔
بینود قادر ٹرافی کا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ میچ کے آغاز میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 487 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 271 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 2، 2 جبکہ نتھن لائن نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے دن بھی آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط نظر آرہی ہے۔ آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو 450 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد 3 اور عامر جمال 1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
جواب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گیا۔ قومی ٹیم کے 3 بلے باز صرف 35 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں اس وقت آسٹریلیا کے جیتنے کے امکانات 96 فیصد جبکہ پاکستان کے صرف 1 فیصد امکانات ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے ڈرا ہونے کے 2 فیصد امکانات ہیں۔









