تائیوان ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب شدید زلزلے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔ 7 اعشاریہ 2 شدت زلزلے کے بعد کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ جاپان اور تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔7 اعشاریہ 2 شدت کا زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا جس کے بعد کئی آفٹر شاکس آئے جن کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی۔تائیوانی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے بعض عمارتیں گر گئی ہیں اور جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 15.5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
“جیو نیوز ” کے مطابقزلزلے کے نتیجے میں سمندر میں3 میٹر بلند لہریں پیدا ہوئیں، اسی سبب سے تائیوان اور جاپان کے سیاحتی علاقے اوکی ناوا میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے اور رہائشی علاقوں سے لوگوں کو انخلا ءکے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔تائیوان سے 110 کلو میٹر فاصلے پر واقع یونا گونی علاقے میں سونامی پہنچ چکا ہے جہاں 30 سینٹی میٹر تک بلند لہریں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں یہ لہریں مزید بلند ہوں گی۔