نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کسی بھی پبلک وائی فائی سے اپنے موبائل فون یا کسی دوسری ڈیوائس کو منسلک کرنا ہیکنگ کے خطرے کو دعوت دینے کے مترادف ہوتا ہے اوراب ایک سائبر سکیورٹی ماہر نے ہوائی جہاز کے مسافروں کو بھی جہاز کے وائی فائی کے حوالے سے متنبہ کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق کم کومانڈو نامی اس سائبر سکیورٹی ماہر کا کہنا ہے کہ فلائٹ کا وائی فائی بھی بہت غیرمحفوظ ہوتا ہے اور اس سے منسلک ڈیوائسز بھی ہیکرز کے رحم و کرم پر ہوتی ہیں۔
کم کومانڈو کاکہنا تھا کہ اگر آپ ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہوئے ایئرلائن وائی فائی استعمال کرنا چاہتے ہیں تو حفاظتی تدابیر لازمی کریں۔ سب سے پہلے اپنے فون میں وی پی این انسٹال کریں اور ایئرلائن وائی فائی استعمال کرتے ہوئے اسے بروئے کار لائیں،تاکہ آپ کی ڈیوائس پرائیویٹ رہے۔
انہوں نے مزید احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ ایئرلائن وائی فائی کے ساتھ منسلک ڈیوائس پر مستند اور انکرپٹڈ ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز ہی کھولیں اور کبھی کوئی فائل ہرگز ڈائون لوڈ مت کریں۔ غیرمستند ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز آپ کو ہیکرز کے حملے کا نشانہ بنا سکتی ہیں۔









