کنگسٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن )کیریبین جزیرے کی قوم جمیکا نے بھی فلسطین کی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمیکا نے فلسطین کی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے، جمیکا کی حکومت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ اور فلسطین میں انسانی بحران کے بعد ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جمیکا کی وزیر خارجہ کامنا جانسن سمتھ کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع کا سفارتی مذاکرات کے ذریعے حل دیکھنا چاہتے ہیں۔جمیکا فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے والا 142 واں ملک بن گیا ہے، تازہ ترین اعلان کے ساتھ جمیکا نہ صرف اقوام متحدہ کے 141 رکن ممالک کے بلاک میں شامل ہو گیا بلکہ فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے والی 12 ویں کیریبین ریاست بھی بن گئی۔خارجہ امور کی وزیر کامنا جانسن سمتھ نے کہا کہ جمیکا دو ریاستی حل کی وکالت جاری رکھے گا، جو کہ دیرینہ تنازع کو حل کرنے، اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت دینے اور فلسطینیوں کے وقار اور حقوق کو برقرار رکھنے کا واحد قابل عمل آپشن ہے۔
اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے نائب مستقل مبصر ماجد بامیہ نے جمیکا کے فیصلے سے متعلق ٹویٹر پر اطلاع دی جبکہ فلسطین کے نائب وزیر خارجہ امل جدو نے ٹویٹر پر لکھا ”امن، انصاف اور ہمارے لوگوں کے حق خود ارادیت کے ساتھ کھڑے ہونے کے لئے آپ کا شکریہ۔“









