کمسن بیٹیوں کو واشنگ مشین کے ٹب میں ڈبو کر ہلاک کرنے والے کو سزائے موت
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی وزارت داخلہ نے دو کمسن بیٹیوں کو انتہائی سفاکی سے قتل کرنے والے سعودی شہری کی سزائے موت پرریاض ریجن میں ہفتےکو عمل درآمد کردیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ریاض میں مقیم سعودی شہری طلال العتیبی کے خلاف رپورٹ درج کرائی گئی تھی کہ اس نے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو واشنگ مشین کے ٹب میں ڈبو کر ہلاک کردیاہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے حوالے کیا جہاں مقدمے کی باقاعدہ سماعت اور اقبالی بیان و شواہد کی روشنی میں موت کی سزا کا حکم سنا یا گیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ ’جرم کی سنگین نوعیت کو دیکھ کر قاتل کی سفاکی اور بے رحمی واضح ہے‘۔
ابتدائی عدالت کے فیصلے اور ریمارکس پر اپیل کورٹ نے بھی سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا۔بعدازاں ایوان شاہی سے بھی سزائے موت کی توثیق ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے ریاض میں عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کرادیا۔









