سینیٹ میں 8فروری کو عام انتخابات موخر کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینیٹ میں 8فروری کو عام انتخابات موخر کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظورکرلی گئی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق 8فروری کو انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی،قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اکثرعلاقوں میں سخت سردی ہے،ان علاقوں کی الیکشن عمل میں شرکت مشکل ہے،جے یو آئی ایف ارکان اور محسن داوڑ پر حملہ ہوا،کے پی اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملےہوئے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیاہے کہ الیکشن کمیشن 8فروری کا الیکشن شیڈول معطل کرے،الیکشن کے انعقاد کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہئے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ اور نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے انتخابات ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔
سینیٹر افنان اللہ نے کہاکہ میں سینیٹر دلاور خان کی وجوہات کو درست کرنا چاہتا ہوں،ملک میں سکیورٹی کے حالات ٹھیک نہیں لیکن 2008اور 2013میں حالات اس سے زیادہ خرا ب تھے،سکیورٹی کا بہانہ کرکے الیکشن ملتوی کریں گے تو کبھی الیکشن نہیں ہوں گے۔
جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ووٹنگ کرائی، سینیٹ میں 8فروری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔









