الیکشن وقت پر کرانے کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کروائی گئی ہے۔ قرارداد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق منظور شدہ قرارداد کو کالعدم تصور کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس معزز ایوان میں قرارداد پیش کرتا ہوں اور اس قرارداد کے ذریعے مطالبہ کرتا ہوں کہ الیکشن کا انعقاد دستوری تقاضا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ دستور کے مطابق الیکشن کا انعقاد مقررہ وقت پر کرائے۔
سینیٹر مشتاق احمد کا قرارداد میں کہنا تھا کہ حالیہ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ بھی آچکا ہے، اور الیکشن کمیشن نے بھی تاریخ مقرر کر دی ہے کہ 8 فروری 2024 کو الیکشن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے التواکی جو قرارداد پاس ہوئی، وہ غیردستوری اور غیرجمہوری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔
قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان بالا میں صرف 14 اراکین موجود تھے جس میں سے صرف مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ پی ٹی آئی کے سینیٹر گردیپ سنگھ اور پیپلز پارٹی کے بہرہ مند تنگی خاموش رہے، دونوں اراکین کو ان کی جماعتوں کی جانب سے کورم کی نشاندہی نہ کرنے پر شوکاز بھی جاری کیے گئے ہیں۔









