انتخابات مقررہ وقت پر ہی کرائے جائیں، سینیٹ میں قرارداد جمع
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ میں عام انتخابات مقررہ وقت پر کرانے سے متعلق قرار داد جمع کروا دی گئی۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق الیکشن بروقت کرانے کے حق میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، دستور کے مطابق انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آ چکا ہےکہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ خراب موسم اور امن و امان کی صورت حال کو بنیاد بنا کر انتخابات کے التوا کی قرارداد غیر جمہوری اور غیر دستوری ہے۔ قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ انتخابات کے التوا سے متعلق قرارداد کو کالعدم قرار دیا جائے۔
مذکورہ قرارداد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی، گذشتہ روز سینیٹ میں عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی۔









