ڈاکٹروں سے بار بار حاملہ خاتون کو چیک کرنے کی التجا کی مگرایک نہ سنی، بچہ …
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں ڈاکٹروں کی مجرمانہ غفلت کے سبب ایک حاملہ خاتون نے بچہ ہسپتال کے باہر سبزی کے ٹھیلے پر جنم دے دیا۔
نجی ٹی وی” جیو نیوز “کے مطابق افسوس ناک واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ کے ہسپتال میں پیش آیا جہاں ڈاکٹروں نے شوہر کی منت سماجت کے باوجود حاملہ خاتون کے معائنے سے انکار کر دیا حتیٰ کہ سٹریچر بھی نہیں دیا۔ مرتا کیا نہ کرتا شہور نے زندگی موت کی کشمکش میں مبتلا بیوی کو ہسپتال کے باہر ایک سبزی کے ٹھیلے پر ڈال دیا۔
اسی دوران خاتون کو شدید درد ہوئی اور اس نے سخت سردی میں بغیر کسی طبی سہولت کے بچہ جنم دے دیا۔ شوہر نے معاملہ سوشل میڈیا کے حوالے کیا تو ہسپتال کے ڈاکٹروں کو اپنی نوکریاں خطرے میں محسوس ہوئیں اور وہ بچے اور ماں کو ہسپتال کے اندر لے گئے۔ بعد ازاں ریاستی وزیر نے متعلقہ ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔









