پاکستان نے بلوچستان واقعے پر اپنے سفیر کو واپس بلا لیا جب کہ ایرانی سفیر کو بھی پاکستان واپس نہ آنے کی ہدایت کردی گئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے نیوزبریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان نے ایران واقعے پر ردعمل میں اپنے سفیر کو واپس بلا لیا جب کہ ایران کے پاکستان میں سفیر، جو اس وقت ایران ہی میں ہیں، ان کو پاکستان نہ آنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
قبل ازیں پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت اور ایرانی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا تھا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہوگئیں، پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اور بھی تشویشناک بات ہے کہ یہ غیر قانونی عمل پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز کےموجود ہونے کے باوجود ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی حدود میں کالعدم جیش العدل کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔









