
اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں تیزی سے اضافہ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جو نہ صرف ملک کی ترقی کو متاثر کر رہا ہے بلکہ صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی شعبوں کو بھی شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جو ایک بڑا سماجی اور اقتصادی بحران بن سکتا ہے۔
پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی آگاہی کی کمی کے باعث آبادی کے اس مسئلے کو مزید نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کا براہ راست اثر ملک کی ترقی کی رفتار پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی نہ صرف معیشت کے لئے خطرہ ہے بلکہ بنیادی سہولتوں جیسے صحت اور تعلیم پر بھی اضافی بوجھ ڈال رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے اس بات کو تسلیم کیا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے دباؤ کے پیش نظر ملک میں ترقی کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ایک متوازن آبادی کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے حکومت کی جانب سے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز بھی دی، تاکہ اس مسئلے کا مؤثر طریقے سے حل نکالا جا سکے۔
عطاء اللہ تارڑ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عوامی آگاہی اور حکومتی اقدامات ضروری ہیں، تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔









