
(ویب ڈیسک ) اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 5 سے 10 فیصد اضافہ منظور کر لیا گیا ہے۔جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
منگل کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا ۔ ای سی سی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں پر فی لیٹر 2 روپے 56 پیسے تک اضافی بوجھ صارفین ادا کریں گے،ایک روپے 28 پیسے فی لیٹر کا اضافی بوجھ فوری طور پر صارفین پر منتقل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول فی لیٹر پر او ایم سی مارجن 1 روپے 22 پیسے تک بڑھایا جائے گا، ڈیزل فی لیٹر پر ڈیلرز کا کمیشن میں ایک روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوگا۔
ڈیلرز اور او ایم سیز مارجنز میں 5 سے 10 فیصد تک اضافہ ای سی سی نے منظور کیا۔مارجن میں نصف اضافہ فوری اور نصف ڈیجیٹلائزیشن سے مشروط کر دیا گیا۔ڈیجٹلائزیشن پر عملدرآمد سے متعلق پٹرولیم ڈویژن یکم جون 2026 تک رپورٹ ای سی سی کو دے گا۔









