
ویب ڈیسک: تحریکِ انصاف پشاور کے صدر عرفان سلیم سے منسوب ایک مبینہ آڈیو لیک منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں پشاور کے ترقیاتی فنڈز اور بلدیاتی نظام سے متعلق اہم دعوے سامنے آئے ہیں۔
مبینہ آڈیو میں عرفان سلیم کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ پشاور میں ترقیاتی منصوبوں پر صرف دو ٹھیکیداروں کا غلبہ ہے، جبکہ ایک ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز کے استعمال پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
آڈیو میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو نہ تو گزشتہ حکومت کے دور میں فنڈز فراہم کیے گئے اور نہ ہی موجودہ حکومت میں انہیں وسائل دیے جا رہے ہیں، جس کے باعث بلدیاتی نظام مؤثر انداز میں کام نہیں کر سکا۔
مبینہ آڈیو میں عرفان سلیم کارکنوں کو اس معاملے پر بات کرنے اور آواز بلند کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بھی سنائی دیتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق جب اس معاملے پر عرفان سلیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مبینہ لیک آڈیو سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ آڈیو واقعی ان سے منسوب ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ مبینہ آڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
Source link









