
(ویب ڈیسک ) آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے دو روزہ دورہء آسٹریا پر ویانا پہنچ گئے.
تفصیلات کے مطابق ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ آسٹرین مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک ہیں ۔
اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم آسٹرین چانسلر کرسچئین اسٹاکر سے دو طرفہ و وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے.
وزیرِ اعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے. وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ “پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” کے موضوع پر خصوصی تقریب میں شرکت و خطاب کریں گے. وزیرِ اعظم انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائیریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔









