
(ویب ڈیسک ) بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 10 خوارج جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مزید 10 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک کردیے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 24 فروری کو 8 دہشت گرد مارے گئے، 25 فروری کو کلیئرنس آپریشن میں بڑی کامیابی ملی،بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف ژوب میں جامع سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے،جن سے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا گیا، ہلاک خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” آپریشن پوری شدت سے جاری رہے گا۔









