
ویب ڈیسک: ایران پر اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بحرین کے دارالحکومت مناما میں امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ سروس سینٹر پر میزائل حملہ کیا گیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ایران نے خلیج کے مختلف ممالک میں موجود امریکی اڈوں پر بھی حملے کیے ہیں، جن میں کویت، یو اے ای، قطر، بحرین اور سعودی عرب شامل ہیں۔ بحرین نے تصدیق کی ہے کہ امریکی بحریہ کے 5ویں بحری بیڑے کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ کیا گیا۔
قطر نے اطلاع دی ہے کہ ایرانی میزائلوں کو ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل مار گرایا گیا، جب کہ قطر میں سیکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے۔ دوسری طرف، متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہیں، اور سعودی عرب اور کویت میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یو اے ای میں ایران کے حملوں میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
ایران کی وزارت داخلہ نے اپنے شہریوں کو پرسکون رہنے کی ہدایت دی ہے، جب کہ ایرانی سینئر حکام نے امریکی اور اسرائیلی اثاثوں کو ہدف بنانے کی دھمکی دی ہے۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے جاری ہیں، جس میں تل ابیب اور حیفہ میں دھماکے سنے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کی وزارت دفاع نے اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اس بحران میں کوئی سرخ لکیر نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں ایران میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب جنگی صورتحال کے پیشِ نظر قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور تمام داخلی و بین الاقوامی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
عراق اور اسرائیل نے بھی فضائی حدود بند کر کے شہری پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ روس نے ایران اور اسرائیل کیلئے پروازیں روک دی ہیں۔ کویت نے ایران کیلئے فضائی آپریشن غیر معینہ مدت تک معطل کر دیا ہے۔
متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے بھی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ وِز ایئر نے اسرائیل، دبئی، ابوظبی اور عمان کے لیے 7 مارچ تک پروازیں معطل کر دی ہیں، جبکہ لوفتھانسا نے دبئی، تل ابیب، بیروت اور مسقط کے لیے ہفتہ اور اتوار کی پروازیں روک دی ہیں۔ کے ایل ایم نے ایمسٹرڈیم سے تل ابیب جانے والی پروازیں منسوخ کر دی ہیں اور عمان ایئر نے بغداد کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔









