
کراچی : مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور ایران، اسرائیل و عراق کی فضائی حدود کی بندش کے باعث قومی ایئر لائن (PIA) نے اپنے خلیجی آپریشنز میں ہنگامی تبدیلیاں کر دی ہیں۔ سیکیورٹی خدشات اور فضائی راستے مسدود ہونے کے باعث پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق، جنگی صورتحال کے پیشِ نظر درج ذیل ممالک کے لیے فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔متحدہ عرب امارات (دبئی، ابوظہبی)، بحرین، دوحہ (قطر) اور کویت کے لیے تمام پروازیں فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ معطلی ابتدائی طور پر کل شام تک یا فضائی حدود کی باقاعدہ بحالی تک برقرار رہے گی۔









