
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار اور سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی “آہنی دوستی” کو مزید مستحکم کرنے اور اسے تعاون کی نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔









