
اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے راؤنڈ اور اہم غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے آئندہ چند روز کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ سیکیورٹی خدشات اور وی آئی پی موومنٹ کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں بند رہیں گی جبکہ ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
ٹریفک پلان کے مطابق ریڈ زون اور اس کا توسیعی علاقہ ہر قسم کی عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا۔ ایکسپریس وے پر کورال سے زیرو پوائنٹ تک ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہے گی۔ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کی بندش کی جا سکتی ہے۔
جی-فائیو، جی-سکس، جی-سیون، ایف-سکس اور ایف-سیون کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور نائن ایونیو استعمال کریں۔
فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو نائن ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ بہارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے شہری کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا نائن ایونیو اختیار کریں۔









