
ویب ڈیسک: اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نےفیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورت حال اور دوطرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ عباس عراقچی کی اسلام آباد میں پہلی باضابطہ ملاقات تھی، جس میں ایران اور پاکستان کے درمیان خطے میں سکیورٹی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر جنرل عاصم ملک بھی شریک تھے، جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، سفیر رضا امیری مقدم اور ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی شامل تھے۔
ایرانی سفارتخانے کے مطابق عباس عراقچی وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں میں ایران-امریکا مذاکرات کے دوسرے دور، خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون کے اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ صدر مسعود پزشکیان کا پیغام بھی وزیراعظم تک پہنچائیں گے، اور اسحاق ڈار سے الگ ملاقات بھی کریں گے۔ دورے کے دوران عباس عراقچی بعد میں مسقط اور ماسکو بھی جائیں گے، جنہیں انہوں نے اپنی ترجیحی دوروں کے طور پر بیان کیا۔
قبل ازیں عباس عراقچی کی آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ کی آمد پر خوشی ہوئی اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرامید ہیں۔
دوسری جانب، وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ امریکی وفد امن مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان روانہ ہوگا، جس میں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں۔









