
تہران:امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کم کرنے اور مشرقِ وسطیٰ میں مستقل امن کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک اہم اور حساس مشن پر تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، پاک،ایران سکیورٹی تعاون اور بالخصوص امریکہ کے ساتھ جاری بالواسطہ مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی چیف مذاکرات کار اور سپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف سے بھی علاحدہ ملاقات کی، جس میں پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی و ثالثی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان اہم ترین بیٹھکوں میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے، جو گزشتہ چند روز سے سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تہران میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔









