
(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چاند رات اور عیدالاضحیٰ کے ایام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کردی ۔عید اجتماعات میں میٹل ڈی ٹیکٹر اورواک تھرو گیٹ کی تنصیب کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے اسسٹنٹ کمشنرز کو علماء کرام سے ملاقات کی ہدایت جاری کیں ۔علما ء کرام کو عیدالاضحیٰ پر حکومت پنجاب کے سکیورٹی، صفائی انتظامات پر بریفنگ دی جائے گی ،حساس مقامات پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہیں ۔
وزیر اعلی مریم نواز نے چاند رات پر مارکیٹوں میں پٹرولنگ اور لیڈیز پولیس تعینات کرنے کاحکم دے دیا۔سکیورٹی آپریشن کے لئے سیف سٹی رئیل ٹائم مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں ۔ کالعدم تنظیموں کی طرف سے کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے کیمپ پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز نے کالعدم تنظیموں کے کیمپ پر پابندی کے لئے ڈی پی اوز کو خود وزٹ کرنے کی ہدایت جاری کیں ۔انہوں نےسوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر نفرت انگیز مواد کی ممانعت یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔اس کے علاوہ عید الاضحیٰ پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کی گئیں ۔
ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی نے عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 38507 مقامات پرنماز عید کے اجتماعات ہوں گے ۔دفعہ 144کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے بھوننے پر پابندی لگا دی گئی۔ڈرین اور پبلک مقاما ت پر جانوروں کی باقیات پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔عیدالاضحیٰ پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔









