
لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ دشمن کے پائلٹ کو چائے پلا کر واپس بھیجا گیا تھا لیکن آئندہ کے لیے ایسی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔ انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈیجیٹل دور میں ہر چیز ریکارڈ ہو رہی ہے، اور کچھ سیاسی جماعتوں کے دل میں دہشت گردوں کے لیے بہت ہمدردی اٹھتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ہماری تمام ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں اور ہم اپنے شہدا کے لہو کا قرض ضرور اتاریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کے دوران بھی سیکڑوں لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
عیدالاضحیٰ کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے بتایا کہ عید پر مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے۔ صفائی کے بہترین انتظامات کے لیے “ستھرا پنجاب” پروگرام کے عملے کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں کی حفاظت کے لیے پارکس کے جھولوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے سخت انتباہ جاری کیا کہ چاند رات کو ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔









