ہلمند میں چیک ڈیم کی تعمیر مکمل ، منصوبہ کتنے عرصے میں مکمل ہوا اور کتنی …
کابل(بی این اے) ہلمند میں چیک ڈیم کی تعمیر مکمل ہو گئی۔ہلمند کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ صوبے کے ضلع واشیر کے سیاپشتے گاؤں کرہ کان میں ایک چیک ڈیم کی تعمیر مکمل کرکے اس کاافتتاح کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ چیک ڈیم سیلاب پر قابو پانے اور زیر زمین پانی کی فراہمی کے لیے وزارت پانی و توانائی کی جانب سے 24 لاکھ 96 ہزار 775 افغانی کی لاگت سے تقریباً 2 ماہ کے دوران مکمل کرلیاگیا۔
واضح رہے کہ مرکز ہلمند کے کینال ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کی کوششوں سے مذکورہ صوبے کے بہرامچے، دیشو، خانشین اور سنگین اضلاع میں چیک ڈیموں کی تعمیر شروع ہو چکی ہے اور مستقبل قریب میں ہلمند کے بغنی، نوزاد، موسیٰ قلعہ اور کجکی اضلاع میں بھی متعدد چیک ڈیموں کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب صوبہ خوست کے ضلع باک کے غونڈ میلہ چیک ڈیم کی تعمیر کا کام متعدد سرکاری اہلکاروں کی موجودگی میں 25 لاکھ افغانی کی لاگت سے شروع ہو گیا ہے۔ ٹیکنیکل ایڈوائزر انجینئر مجاہد اللہ نے مذکورہ منصوبے کے بارے میں معلومات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیک ڈیم 30 میٹر لمبائی، 6 میٹر اونچائی اور 66 سینٹی میٹر چوڑائی پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ چیک ڈیم کی تعمیر سے بڑی مقدار میں زرعی اراضی سیلاب کے نقصانات سے محفوظ رہے گی اور منصوبے پر عمل درآمد کے دوران لوگوں کو روزگار بھی فراہم ہوگا۔









