
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع کا ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت اور سکیورٹی نظام کو جدید بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزارتِ دفاع اور وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایئرپورٹس پر سکیورٹی پروٹوکولز کو مزید موثر بنانے اور عوام کو تلاشی کے طویل عمل سے نجات دلانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹس پر جدید ترین اسکریننگ اور اسکیننگ مشینری نصب کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چیکنگ کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لایا جائے۔ جدید مشینری کی تنصیب سے مسافروں کے وقت کی بچت ہوگی۔ سکیورٹی کے نظام کو انسانی مداخلت کے بجائے ٹیکنالوجی پر مبنی بنایا جائے۔
محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کی سہولت ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا ایئرپورٹس پر چیکنگ کا نظام ایسا ہونا چاہیے جو موثر بھی ہو اور مسافروں کے لیے زحمت کا باعث بھی نہ بنے۔ ہم وزارتِ دفاع کے ساتھ مل کر ایک ایسا نظام وضع کر رہے ہیں جو سکیورٹی اور سہولت کا بہترین امتزاج ہوگا۔









