
اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک مختصر لیکن انتہائی اہم دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایئرپورٹ پر ایرانی وفد کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، جن کے طیارے نے نور خان ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
اپنے قیام کے دوران ایرانی وزیر خارجہ کی مصروفیات درج ذیل ہوں گی۔ عباس عراقچی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات اور اہم امور پر بات چیت ہوگی۔
وہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جہاں علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی آج رات پاکستان میں قیام کریں گے اور ہفتے کی دوپہر روانہ ہو جائیں گے۔ اسلام آباد کے بعد ان کے سفارتی مشن کی اگلی منزلیں مسقط اور ماسکو ہوں گی، جہاں وہ اہم علاقائی مشاورت کریں گے۔









