
بیجنگ/اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ چین نے اپنے انسانی خلائی پروگرام کے لیے دو پاکستانی شہریوں کو بطور امیدوار منتخب کر لیا ہے، جو مستقبل میں چین کے خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن سکتے ہیں۔
چین کی انسانی خلائی ایجنسی کے مطابق، محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو اس تاریخی مشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان دونوں امیدواروں کو جلد ہی چین طلب کیا جائے گا جہاں وہ سخت تربیتی مراحل سے گزریں گے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ دونوں امیدوار بطور ریزرو خلا باز تربیت حاصل کریں گے۔ تمام تربیتی مراحل اور تکنیکی جانچ مکمل ہونے کے بعد، ان میں سے ایک کو حتمی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ منتخب ہونے والا خلا باز پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے گا۔
یہ مشن اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ منتخب ہونے والا پاکستانی خلا باز، چین کے جدید خلائی اسٹیشن ‘تیانگونگ’ میں قدم رکھنے والا دنیا کا پہلا غیر ملکی خلا باز ہوگا۔ اس سے قبل چین کے خلائی اسٹیشن پر صرف چینی خلا باز ہی مشن مکمل کرتے رہے ہیں۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ خلا بازوں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ اپریل کے آغاز میں مکمل کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی اور خلائی تحقیق کے شعبے میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گی۔یہ قدم نہ صرف پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ اس سے خطے میں سائنسی ترقی کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔









